پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 25 فیصد کمی کا نفاذ
نئے کرایہ نامے آویزاں نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی:حکام
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک منتقل ہونا شروع ، پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 25 فیصد کمی نافذ کر دی گئی، لاہور سے چلنے والی تمام ٹرانسپورٹ پر نئے کرایہ نامے لاگو کر دئیے گئے ۔ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور نجی ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب رہے ، جس کے بعد مختلف شہروں کیلئے نئے کرائے مقرر ،کرایوں میں کمی پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔کرایوں میں کمی کے بعد لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 1032 روپے کمی کے بعد 3100 روپے مقرر،ملتان کا کرایہ 817 روپے کمی کے بعد 2450 روپے ،ایبٹ آباد کا1007 روپے کمی کے بعد 3020 روپے ،فیصل آباد کا کرایہ 437 روپے کمی کے بعد 1310 روپے ،حیدرآباد کا کرایہ 2710 روپے کمی کے بعد 8140 روپے ،پشاور کا کرایہ 1050روپے کمی کے بعد 3200 روپے ،جبکہ لاہور سے کراچی کا کرایہ 3 ہزار روپے کمی کے بعد 9 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا۔صرف مسافر ٹرانسپورٹ نہیں بلکہ گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بھی بڑی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور ایک روز قبل صدر منی مزدا ایسوسی ایشن حاجی شیر علی نے 25 فیصد تک کرایوں میں کمی کر دی تھی، نئے نرخوں کا اطلاق آج سے ہوگا ۔دوسری جانب سیکرٹری آر ٹی اے لاہور کا کہنا ہے کہ نئے کرایہ نامے آویزاں نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ گزشتہ رات بھی متعدد ٹرانسپورٹرز نے رضاکارانہ طور پر کرایوں میں کمی کر دی تھی۔