غیر ملکی وفود کی آمد:ریڈ زون عام ٹریفک کیلئے مکمل بند، ٹریفک پلان جاری
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 12 اپریل کیلئے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا، غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر ریڈ زون عام ٹریفک کیلئے مکمل بند رہے گا۔
آئی ٹی پی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کشمیر چوک کلب روڈ کی طرف سے سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ کی طرف،زیرو پوائنٹ سے سری نگر ہائی وے سرینا چوک تک،چاند تارا چوک سے سیونتھ ایونیو تک، شکرپڑیاں روڈ خیابان چوک سے بلیو ایریا تک، جناح ایونیو فیصل چوک سے ٹریل-3 تک مارگلہ روڈ بند رہے گی۔ ایکسپریس وے پر زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک دونوں طرف مخصوص اوقات میں بند رہے گی۔ جی-5، ایف-6، ایف-7، جی-6 اور جی-7 سیکٹرز کے رہائشی راولپنڈی جانے کیلئے نائنتھ ایونیو، بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے کیلئے کورنگ روڈ، بنی گالا، لہتراڑ روڈ اور جی ٹی روڈ، راولپنڈی صدر روڈ سے اسلام آباد کیلئے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔