ایران امریکا مذاکرات اہم سفارتی کامیابی ہے:پی ٹی آئی
مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں ،پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے امہ کے مفادات کو فروغ ملے گا،پاکستانی سٹریٹجک ترجیحات مضبوط:وقاص اکرم
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی کوششیں مشرق وسطی ٰمیں جاری تنازع کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوں گی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے ، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی میں ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کیا، یہ عارضی جنگ بندی مستقل امن کی بنیاد بن سکتی ہے ،شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ ان مذاکرات سے مثبت اور باہمی مفادات پر مبنی نتائج کی توقع ہے ، جو نہ صرف مسلم امہ کے اجتماعی مفادات کو فروغ دیں گے بلکہ پاکستان کی سٹریٹجک ترجیحات کو بھی مضبوط کریں گے ۔