بچوں جیساطرزعمل ،سابق امریکی سفیر بھارتی اینکر پربرہم
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) سابق امریکی سفارتکار نے ایک بھارتی ٹی وی پروگرام میں پاکستان سے متعلق سوالات پر بھارتی اینکر کو لائیو شو میں کھری کھری سنا دیں۔
سابق امریکی سفارتکار جیفری گنٹر نے بھارتی ٹی وی پروگرام میں پاکستان سے متعلق سوالات پر بھارتی اینکر کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی نائب صدر کی پاکستان میں سکیورٹی سے متعلق خدشات بے بنیاد ہیں،وہ پاکستان میں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور بھارتی میڈیا کا طرز عمل سکول کے بچوں جیسا ہے ،مذاکرات کے حسا س معاملے کو غیر ضروری طور پر بھارت پاکستان تنازع میں تبدیل کرنا افسوسناک ہے ۔سابق سفارتکار نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا کو بے فائدہ بحث میں الجھنے کی بجائے جنگ بندی جیسے مثبت اقدامات کو سراہنا چاہئے ۔بھارتی چینلز پر بین الاقوامی امور ماہرین اور سفارتکاروں کے ہاتھوں بھارتی اینکرز کی براہ راست بے عزتی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔
بھارت کے متنازع ترین اینکر پرسن ارناب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں چین سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی امور کے ماہر وکٹر گاؤ کو مخاطب کرتے ہوئے سوال پوچھا آپ کیا سمجھتے ہیں کہ ایک پوری تہذیب کو تباہ کرنے سے لیکر یکطرفہ جنگ بندی کے درمیان کیا کچھ ہوا؟وکٹر گاؤ نے اپنے جواب کا آغاز پاکستان کی تعریف سے کرتے ہوئے کہا سب سے پہلے تو آپ کو پاکستان کو اس بات کا کریڈٹ دینا چاہئے کہ اس نے ان مذاکرات کیلئے راہ ہموار کی ۔ پاکستان کی تعریف سنتے ہی بھارتی اینکر حواس باختہ ہو گیا اور وکٹر گاؤ کو اس سے آگے بولنے کی اجازت ہی نہ دی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے ۔ایک پروگرام میں سینئر بھارتی صحافی ڈاکٹر راکیش پاٹھک نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ بندیاں کروا رہا، بھولے سے بھی کسی نے بھارت کا نام نہیں لیا، ہمیں کوئی پوچھ نہیں رہا۔