بیساکھی :ننکانہ میں تقریبات ختم،سکھ یاتر ی سچا سودا پہنچ گئے
یاتریوں نے گوردوارہ سچا سودا میں مذہبی رسومات ادا کیں، حسن ابدال روانہ وزراء جیسا پروٹوکول ملا،پاکستانیوں کا پیار ، محبت بھلا نہیں پائیں گے :یاتری
ننکانہ صاحب،شیخوپورہ (خبر نگار ،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان کے مقام پر سکھ مذہب کے اہم تہوار بیساکھی کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں،تقریبات کا اختتام بھوگ کی مقدس رسم کے ساتھ ہوا، اس دوران پاکستان کی ترقی و سلامتی اور دنیا بھر میں امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بھارت سمیت مختلف ممالک اور اندرونِ ملک سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے متھا ٹیکی، شبد کیرتن، اشنان اور دیگر مذہبی رسومات ادا کیں ، بعدازاں 2238بھارتی سکھ یاتری پارٹی لیڈر سردار سرجیت سنگھ کی قیادت میں سخت سکیورٹی حصار میں ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں کے ذریعے ضلع شیخوپورہ میں واقع گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد پہنچ گئے ،جہاں انہوں نے گوردوارہ سچا سودا میں مذہبی رسومات ادا کیں اور پھر حسن ابدال چلے گئے ۔ ننکانہ صاحب سے روانگی کے موقع پر سکھ یاتریوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہمیں وزراء جیسا پروٹوکول دیا،پاکستانیوں کے پیار اور محبت کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے ،پاکستان ہمارا اپنا گھر ، بار بار آئیں گے ۔یاد رہے سکھ یاتری پاکستان میں 10 روزہ قیام کے دوران 19 اپریل تک حسن ابدال ، کرتارپور نارووال سمیت دیگر مختلف مقدس مقامات پر بھی جائیں گے ، بیساکھی میلے کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوگی ۔