بجلی وگیس بحران شدید،لیسکو شارٹ فال850میگاواٹ سے تجاوز

بجلی  وگیس بحران شدید،لیسکو شارٹ  فال850میگاواٹ سے تجاوز

ملک بھر میں شہروں میں 2، دیہات میں چھ گھنٹے تک بجلی بندش، اضافہ متوقع،شہریوں کومشکلات گیس کی قلت کے باعث شہری ایل پی جی خریدنے پرمجبور، 24 میں صرف 6 گھنٹے گیس فراہمی کا فیصلہ

لاہور(نیوزایجنسیاں ) بجلی وگیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور لیسکو کا شارٹ فال 850 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ۔ذرائع این ٹی ڈی سی کے مطابق لیسکو اپنی 2700 میگاواٹ کی طلب بھی پوری نہیں کر پا رہا، جس کی وجہ سے بجلی کی کمی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ شارٹ فال کے باعث شہر میں 2 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے تک غیرا علانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ، جس سے شہریوں کو شدید  مشکلات کا سامنا ہے ۔ بجلی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھنے کا امکان ہے ۔ادھر ذرائع سوئی ناردرن گیس نے بتایا کہ درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ گیس کی قلت بھی بڑھ گئی ہے ، گیس کی قلت کے باعث شہری ایل پی جی خرید رہے ہیں۔ ذرائع این ٹی ڈی سی نے مزید بتایا کہ آر ایل این جی گیس نہ ملنے سے بلوکی پاورپلانٹ بند ہوگیا ہے ، بلوکی پاورپلانٹ 1223 میگاواٹ بجلی سسٹم میں فراہم کرتا تھا۔دوسری طرف سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 24 گھنٹوں میں صرف 6 گھنٹے گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔کمپنی کے مطابق صارفین کو دن میں صرف دو وقت گیس فراہم کی جائے گی ۔ذرائع کے مطا بق گیس کی فراہمی کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ صبح ناشتے اور رات کے کھانے کے اوقات میں ہی گیس دستیاب ہو سکے گی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں