جاپان اور کینیڈا کے وزرائے اعظم کا شہباز شریف کو فون، تنازع کے حل میں تعاون کریں گے، چینی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ : پاکستانی کوششوں سے جنگ بندی برقرار : وزیر اعظم
عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ،تصفیہ طلب معاملات کے حل کیلئے کوششیں جاری :شہباز شریف،وفاقی کابینہ میں وزیراعظم ،نائب وزیراعظم ، فیلڈمارشل کو خراج تحسین کی قرارداد منظور سانائے تاکائیچی ا ورمارک کارنی کی امن کوششو ں پر پاکستان کو مبارکباد،برطانوی وزیرخارجہ ایویٹ کوپر کا اسحاق ڈار کو فون ، پٹرولیم مصنوعات پر جائزہ اجلاس، عوامی ریلیف جاری رکھنے کا اعلان
اسلام آباد(نامہ نگار،وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ اسلام آباد مذاکرات کے ذریعے پاکستان کو جنگ بندی کو مستقل امن میں بدلنے کا موقع ملا اور یہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے کہ جنگ بندی اب تک برقرار ہے اورہم مستقل امن کیلئے مسلسل کوشش کررہے ہیں ۔جاپان اور کینیڈا کے وزرائے اعظم نے گزشتہ روز شہباز شریف کو ٹیلی فون کئے اور اسلام آباد میں مذاکرات کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان کے کردار کو سراہا جبکہ چینی وزیرخارجہ نے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار کو فون کرکے ایران امریکا تنازع حل کرنے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں خطے کی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ کابینہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو تاریخی قرار دیتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
اجلاس میں کابینہ نے اس امر پر شکر ادا کیا کہ پاکستان کو خطے میں قیامِ امن کیلئے مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ قرارداد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جن کی کاوشوں سے ایران اور امریکا جیسے دو متحارب ممالک تقریباً نصف صدی بعد مذاکرات کی میز پر آئے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطا ب میں اسلام آباد مذاکرات کے تاریخی لمحے کو ملک کے 24 کروڑ عوام کیلئے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پر خلوص ،مثبت اور تاریخی کردار پر عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے ، امریکا اور ایران نے 47 سال بعد ہماری دعوت پر اعلیٰ سطح پر براہ راست مذاکرات کئے ہیں،مذاکرات میں کئی لمحات ایسے آئے کہ بات ٹوٹتے ٹوٹتے جڑتی رہی،ہماری پرخلوص کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ابھی تک جنگ بندی برقرار ہے ،تصفیہ طلب معاملات کے حل کیلئے کوششیں جاری ہیں،دونوں ممالک کے وفود نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی بھرپور تعریف کی ہے اورپاکستان کے اخلاص،میزبانی اور ثالثی کا دل سے اعتراف کیا ہے ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فراست اور حکمت سے جنگ بندی پر اتفاق ہوا،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے امن کیلئے کردار کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود ہماری دعوت پر پاکستان آئے ،اس کیلئے عزیز بھائی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہماری دعوت پر اپنے وفود پاکستان بھجوائے اور مذاکرات سے پہلے دو ہفتے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ 21 گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی ممکن ہوئی جو تاحال برقرار ہے ، یہ کامیابی پوری قوم کی عزت ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات سے پاکستان کو جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کا موقع ملا،دنیا کی تاریخ میں اوسلو ،جنیوا ،گڈ فرائیڈے معاہدے موجود ہیں اسی طرح سوڈان اور دوسرے علاقوں میں جنگ بند کرانے اور امن قائم کرنے میں کئی کئی ماہ اور کئی کئی سال لگے ۔ ایسے حالات میں جب پوری دنیا کی معیشت ہچکولے کھا رہی ہے ، آج میری جاپان کی وزیراعظم سے بھی فون پر گفتگو ہوئی ہے ، انہوں نے مجھے مبارکباد دی کہ پاکستان امن کیلئے بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے ، اسی طرح کئی یورپی رہنماؤں نے بھی مجھے فون کئے اور پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور مذاکرات کی کامیابی کیلئے اپنی طرف سے تعاون کی پیشکش کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے ایران اور امریکا کے درمیان تاریخ ساز امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دی جنہوں نے اپنے معاونین کے ہمراہ انتھک لگن، محنت اور تدبر کے ساتھ دو متحارب فریقین کو اکٹھے بٹھاکر تقریباً نصف صدی پر محیط تعطل کا خاتمہ کیا۔ وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کو خطے کی صورتحال اور پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف کوجاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے ٹیلی فون کیااور دوران گفتگو جاپانی وزیراعظم نے جنگ بندی اور مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر جاپان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان امن کے اس عمل کو جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔شہبازشریف نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، جسے جاپانی وزیرِ اعظم نے بھی سراہا،دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف سے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا پاکستان کی امن کوششوں پر مبارکباد پیش کی ،شہبا زشریف کاکہناتھاکہ پاکستان بامعنی پیش رفت کیلئے امریکا اور ایران پر زور دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا اورشہباز شریف نے کینیڈین وزیراعظم کو ان کی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ دریں اثنا خطے میں کشیدگی کے پیش نظر ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے ملک میں تیل کی کھپت کی مستقل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی کھپت اور ذخائر کی مستقل نگرانی اور بہتر حکمت عملی کی وجہ سے خطے میں کشیدگی کے باوجود تیل کی کمی کا بحران پیدا نہیں ہوا،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جو اقدامات کئے ہیں وہ جاری رہیں گے ۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں تیل کے موجودہ ذخائر اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔
دوسری طرف نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سفارت کاری کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی ،ان کا گزشتہ روز چینی ہم منصب وانگ یی سے رابطہ ہوا جس میں 5نکاتی امن اقدام پر گفتگو کی گئی اور مسائل کے پرامن حل پر زور دیاگیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور وانگ یی نے اسلام آباد مذاکرات، امریکا اور ایران میں براہ راست بات چیت پر تبادلہ خیال کیا۔چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی امن اور استحکام کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارک باد دی اور پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ وانگ یی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی بہت کمزور ہے ، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ایسے کسی بھی اقدام کی سختی سے مخالفت کرے جس سے جنگ بندی کمزور ہو اور تنازع بڑھنے کا خدشہ ہو۔ دنیا کی ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ انتہائی مشکل سے حاصل کی گئی حالیہ جنگ بندی قائم رہے ۔
چین تنازعات کے حل میں پاکستان کے عظیم کردار کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس عظیم کردار میں چین اپنے بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے ۔اسحاق ڈار سے چینی سفیرجیانگ زی ڈونگ نے بھی ملاقات کی ،ملاقات کے دوران اسلام آباد مذاکرات کے بعد کی صورتحال اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے برطانیہ کی وزیرِ خارجہ ایویٹ کوپر کے ساتھ بھی ٹیلیفونک گفتگو کی،جنہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔نائب وزیرِاعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین جنگ بندی کا مکمل احترام کریں اور اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ دریں اثنا اسحاق ڈار نے اسلام آباد مذاکرات کے دوران وزارتِ خارجہ کے افسروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے اعزاز میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔