مریم نواز نے پہلی سرکاری میت منتقلی سروس کا آغاز کردیا
لاہور، ر اولپنڈی،ملتان کیلئے میت منتقلی سروس کی گاڑیوں کی چابیاں حکام کے حوالے ،جون تک ہرتحصیل میں آغاز ہوگا کسی پیارے کے بچھڑنے کے دکھ میں ہم ساتھ ہیں ،لواحقین اگر خود بھی پیسہ دے تو ریسکیو اہلکار ہرگزنہ لیں:وزیراعلیٰ
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان میں پہلی بار سرکاری سطح پر باقاعدہمیت منتقلی سروسکا آغاز کر دیا ۔ میت منتقلی سروس کے پہلے فیز میں لاہور،ملتان اور راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں سے تکریم کے ساتھ میت بلامعاوضہ گھر منتقل کی جائیگی، جون تک میت منتقلی سروس پنجاب کی ہر تحصیل میں بتدریج شروع کی جائے گی اور ہرتحصیل میں مرحوم کی دیکھ بھال کی خدمات(Deceased Care Service)کے تحت میت منتقلی کیلئے مخصوصی ایمبولینس مہیا کی جائیگی۔
مریم نواز نے گزشتہ روز لاہور، روالپنڈی اور ملتان کے لئے گاڑیوں کی چابیاں حکام کے حوالے کردیں اور میت منتقلی سروس گاڑیوں کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے میت منتقلی سروس کے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی اوران سے بات چیت میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے رضائے الٰہی اور عوامی خدمت کے جذبے سے کام کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے مریض کی وفات کی صورت میں سوگوار خاندان کی کونسلنگ اور دلاسہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہا کہ کسی بھی پیارے کے بچھڑنے کے دکھ کی گھڑی میں ہم ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے ، ہسپتالوں میں مریض کی وفات کی صورت میں پرائیویٹ ٹرانسپورٹر زکا منہ مانگے کرائے وصول کرنا افسوسناک ہے۔
ریسکیو اہلکاروں سے اپیل کرتی ہوں اگر کوئی میت منتقلی پر خود بھی پیسہ دے تو ہرگزنہ لیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میت منتقلی سروس کا آغاز مریم نواز شریف کا قابل تحسین اقدام ہے ،اس کے ذریعے عوام کو دکھ کی گھڑی میں شریک ہونے کا احساس دلانا چاہتے ہیں۔ ڈی جی ریسکیو سروسز ڈاکٹر رضوان نصیرنے بتایاکہ سرکاری ہسپتال سے گھر تک میت منتقلی سروس کے حصول کیلئے 1122 پر کال کی جائے ،ہر سرکاری ہسپتال میں میت منتقلی سروس کے لئے خصوصی ڈیسک بنایا جائیگا۔