بھارتی ایجنسی ‘را’ کیلئے جاسوسی میں ملوث 3 افراد کو سزائیں

بھارتی ایجنسی ‘را’ کیلئے جاسوسی  میں ملوث 3 افراد کو سزائیں

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستانی سکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں جاسوسی کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کر لیا، مجرموں کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سزائیں سنا دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے سکیورٹی ادارے اندرونی و بیرونی خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں اسی سلسلے میں یہ اہم پیش رفت سامنے آئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق نارووال، بہاولپور اور ضلع نیلم آزاد کشمیر سے ہے جو بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے جاسوسی میں ملوث تھے ۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ انہیں مخصوص سوشل میڈیا ایپس پر خواتین اور رقم کا جھانسہ دے کر حساس معلومات تک رسائی حاصل کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کو رقوم ایزی پیسہ، کرپٹو والٹس اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی گئیں۔ گرفتار افراد نے اعتراف کیا کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک خواتین کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل رابطے میں تھے ۔ ملزمان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سزائیں سنا دی گئی ہیں۔ دفاعی ماہرین نے کہا کہ بھارت معصوم شہریوں کو رقم کے جھانسے اور ہنی ٹریپ جیسی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے ۔ اس سے قبل بھارت کے حاضر سروس افسران کی جانب سے پاکستان میں جاسوسی اور حساس معلومات تک رسائی کے شواہد منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیز کے حربوں سے محتاط رہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں