بیساکھی:سکھ یاتری گور و دوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے
حسن ابدال ،لاہور(اے پی پی)بیساکھی میلہ 2026 کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے آئے 2235 سکھ یاتری 51 خصوصی بسوں کے قافلے میں گور و دوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے جہاں ڈپٹی کمشنر اٹک اور ڈی پی اونے یاتریوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او اٹک نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سکھ یاتریوں کی حفاظت اور سہولت کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے یاتریوں کی رہائش، خوراک اور طبی سہولیات کے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ بھارتی سکھ یاتریوں نے شاندار استقبال اور سکیورٹی انتظامات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیاہے ۔ علاوہ ازیں بھارتی سکھ یاتریوں نے دورہ پاکستان کے چوتھے روز گور و دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں مذہبی رسومات ادا کیں اور بابا پیر ولی کندھاری کے دربار پر بھی حاضری دی۔ترجما ن متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب (آج)14 اپریل کو گور و دوارہ پنجہ صاحب میں ہو گی۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق یاتری 15 اپریل کو گور و دوارہ دربار صاحب کرتارپورجائیں گے اور 17 اپریل کو گور و دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کرتے ہوئے لاہور پہنچیں گے۔