بجلی بلوں میں سلیب سسٹم کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے بجلی بلوں میں سلیب سسٹم کے نفاذ کیخلاف درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرلی، عدالت نے درخواست پر نیپرا سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس خالد اسحاق نے ریمارکس میں کہا ہے کہ نیپرا بتائے کہ سلیب سسٹم کس قانون کے تحت نافذ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس خالد اسحاق نے اشبا کامران کی درخواست پرگزشتہ روز سماعت کی، درخواست میں نیپرا سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بجلی بلوں میں سلیب سسٹم کا نفاذ آئین اور قانون کیخلاف ہے ،200یونٹس تک بجلی بلز پروٹیکٹڈ کیٹگری میں شامل ہیں،سلیب سسٹم کے تحت بجلی بل دگنا سے بھی زیادہ ہو جاتا ہے ،یہ بل سزا کے طور پر چھ ماہ تک بھیجا جاتا ہے ، نیپرا ریگولیٹری اتھارٹی ہے ، سزا دینے والا ادارہ نہیں، سلیب سسٹم نیپرا ایکٹ کی متعدد دفعات سے بھی متصادم ہے استدعا ہے عدالت بجلی بلوں میں سلیب سسٹم کا نفاذ کالعدم قرار دے۔