ملک بھر میں 16 سے 19 اپریل کے دوران پھر بارش
بعض علاقوں میں ژالہ باری ،پہاڑوں پر برفباری کا امکان،آج موسم خشک
اسلام آباد(آئی این پی،اے پی پی )محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ایک بار پھر بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔رپورٹ کے مطابق 16 سے 19 اپریل کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے ۔تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ دن کے دوران وسطی /جنوبی علاقوں میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 16 سے 19 اپریل کے دوران چترال، دیر، سوات، کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور آندھی متوقع ہے۔
17 اور 18 اپریل کو بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ، گلگت بلتستان میں 16 سے 19 اپریل کے دوران استور، دیامر، غذر، سکردو، ہنزہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔17 سے 19 اپریل کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے ۔اسی طرح بلوچستان میں 17 اور 18 اپریل کے دوران اوراسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں 16 سے 18 اپریل کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ، بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ۔سندھ میں بھی چند علاقوں میں 16 سے 18 اپریل کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔