وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی پر 69 فیصد عوام مطمئن
32فیصد افراد نے کارکردگی کو انتہائی شاندار اور31فیصد نے بہترین قراردیا ترقی درست سمت پر گامزن قرار ،ن لیگ کی عوامی مقبولیت 42 فیصد :سروے
لاہور(دنیانیوز)انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی اوآر)کی جانب سے جاری سروے رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی دو سالہ کارکردگی پر 69 فیصد عوام نے اطمینان کا اظہار کیا اور صوبے کو ترقی کی درست سمت پر گامزن قرار دیا ہے ۔سروے کے مطابق 32 فیصد افراد نے کارکردگی کو آؤٹ سٹینڈنگ جبکہ 31 فیصد نے گڈ قرار دیا جبکہ نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی وزیراعلیٰ کی پالیسیوں سے متاثر نظر آئی۔سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ دو سالہ کارکردگی کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ ن کو 42 فیصد عوامی مقبولیت حاصل ہوئی۔
56 فیصد افراد کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے وزیراعلیٰ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا جبکہ 55 فیصد نے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دینے کا عندیہ دیا۔اہم اقدامات میں ستھرا پنجاب پروگرام 33 فیصد کے ساتھ نمایاں رہا جبکہ ویمن ویلفیئر و پروٹیکشن میں 30 فیصد، پبلک ٹرانسپورٹ میں 29 فیصد اور تعلیم کے شعبے میں 27 فیصد بہتری سامنے آئی۔سروے کے مطابق 26 فیصد افراد نے امن و امان اور 25 فیصد نے انفراسٹرکچر کی صورتحال کو بہتر قرار دیا۔ مجموعی طور پر 65 فیصد افراد نے صوبے کو ترقی کی درست سمت میں قرار دیا جبکہ 56 فیصد نے سینی ٹیشن اور بلدیاتی خدمات پر اطمینان ظاہر کیا۔آئی پی او آر کا یہ سروے 7 ہزار افراد پر مشتمل تھا، جن میں 50 فیصد خواتین اور 50 فیصد مرد شامل تھے جبکہ 57 فیصد کا تعلق دیہی اور 43 فیصد کا شہری علاقوں سے تھا۔