آج سے اسلام آبادسمیت کئی شہروں میں بارشیں، طغیانی کا الرٹ
ہفتہ تک آندھی، گرج چمک کیساتھ بادل برسیں گے ، ژالہ باری متوقع:محکمہ موسمیات شہری اور سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں:پی ڈی ایم اے
اسلام آباد، لاہور (نیوز ایجنسیاں) اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں آج سے بارشوں، ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ پنجاب میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا تاہم 18اپریل تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، لاہور، گوجرانوالہ ،وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان اور گردونواح میں بارشوں کا امکان ہے ۔
کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔ شہری اور سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا کہ آج رات سے 18 اپریل تک تیز بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔ آج رات خیبر پختونخوا، پنجاب،اسلام آباد، کشمیر ، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے سا تھ بارش/ژالہ باری متوقع ہے ۔