آئندہ بجٹ نوجوانوں و متوسط طبقے کیلئے ہوگا :سہیل آفریدی
ضم اضلاع میں سولرائزیشن، صنعتی زونز اور ہنرمند نوجوانوں کیلئے خصوصی اقدامات جنگلات میں اضافہ، بلاسود قرضے اور بائیو گیس منصوبوں کیلئے نئی سکیموں کی ہدایت
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سال 2026-27 کا بجٹ نوجوانوں اور غریب و متوسط طبقے کا بجٹ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا، وزیر اعلیٰ نے پشاور سے غلہ گودام کی منتقلی کے لیے متبادل جدید گودام قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اگلے ترقیاتی پروگرام کے اہم منصوبوں میں کوہاٹ، مردان، پشاور اور ضم اضلاع کو سیف سٹیز بنانے کی تجویز بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں مختلف اضلاع میں 8 ایکسائز تھانوں کے قیام کے لیے زمین کی خریداری، ضم اضلاع میں منی سولر گرڈ، تیراہ میں مائیکرو ہائیڈرو پاور سٹیشنز کی بحالی اور نئے فیڈرز کے قیام کی سکیمیں بھی زیر غور آئیں۔
اجلاس میں 22 میگا واٹ پاتراک شرینگل ہائیڈرو پاور سٹیشن کے قیام کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع میں تمام سرکاری دفاتر کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے ، نوجوانوں کو جدید ہنر اور ٹریننگ کی فراہمی، ای کامرس کے فروغ کے لیے ترقیاتی سکیمیں بنانے اور تین سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ ہنرمند نوجوانوں کے لیے مالی معاونت اور آسان کاروباری یونٹس کے قیام کی بھی ہدایت کی گئی۔سہیل آفریدی نے جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لیے تین سالہ پلان طلب کرتے ہوئے خصوصی سکیم تیار کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع میں گھروں کی سولرائزیشن کے منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر لانے اور منی و مائیکرو ہائیڈرو پاور کے ممکنہ منصوبوں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔