ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ،حفاظت ہمارافرض:شہبازشریف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے ، اسکی حفاظت ہمارا فرض اور ایک ایک پائی کا حساب دینا ذمہ داری ہے ۔وزیر اعظم کی زیر صدارت ایف بی آر کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس کے موقع پر اوور انوائسنگ کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ 2017 سے 2022 کے دوران اوور انوائسنگ کامکروہ دھندا چلتا رہا اور متعلقہ ادارے اپنے فرائض سے مسلسل غافل رہے ،وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس دھندے میں مرتکب تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی تیز تر کی جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے واقعات کو مستقبل میں روکنے کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے ۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ کو ایک فعال ادارہ بنایا جائے اور اس میں ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے نمائندے بھی شامل کئے جائیں۔ بریفنگ میں بتایاگیاکہ ایف بی آر نے سنٹرلائز پرائس ویریفکیشن پورٹل بنایا ہے ، جون کے آخر تک یہ پورٹل بینکوں کے ساتھ منسلک ہو جائے گا۔ دریں اثنا شہباز شریف نے انٹرنیٹ سپیڈ بہترنہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی اے سے موبائل انٹرنیٹ رفتارسے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی ،جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے وزیراعظم کو بریفنگ دی اوربتایا گیا کہ ٹیلی کام آپریٹرز نیٹ ورک انفرا سٹرکچربہتری کیلئے 4 اور5 جی آلات درآمد کے مرحلے میں ہیں،آلات ملنے کے بعد تنصیب کا عمل شروع ہوجائیگاجس میں چند ماہ لگنے کا امکان ہے اوراس سے ٹیلی کام انفرا سٹرکچرمیں بہتری سے انٹرنیٹ سپیڈ میں واضح بہتری آئے گی ۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ عوام کو تیز رفتار انٹرنیٹ فراہمی ہرصورت یقینی بنائی جائے ۔