ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بحال
ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز نے نئے فلائٹ شیڈول ترتیب دینا شروع کر دئیے خلیجی ایئر لائنز کا حج آپریشن شروع،عازمین کیلئے ایئرپورٹس پر خصوصی انتظامات
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )علاقائی کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والا فضائی نظام اب بتدریج معمول پر آنا شروع ہو گیا ہے اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بحال کیا جا رہا ہے ۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز نے اپنے نئے فلائٹ شیڈول ترتیب دینا شروع کر دئیے ہیں، جس کے تحت خلیجی ممالک کیلئے آنے اور جانے والی پروازوں میں نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرٹس، قطر ایئر ویز، سعودیہ، عمان اور کویت ایئر ویز سمیت دیگر خلیجی ایئر لائنز نے بھی پروازوں کی آمد و رفت کیلئے نئے شیڈول تیار کر لئے ہیں۔لاہور کے علاوہ کراچی، اسلام آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ سے بھی بین الاقوامی پروازوں کی روانگی کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پاکستان سے خلیجی ممالک کیلئے مجموعی طور پر 27 پروازیں روانہ ہو چکی ہیں، جبکہ مزید پروازوں میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب خلیجی ایئر لائنز نے حج آپریشن کا آغاز بھی کر دیا ہے ، اور ملک بھر کے ایئرپورٹس پر عازمینِ حج کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔