پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ،بل قائمہ کمیٹی کے سپرد
فلم سازوں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت ،خصوصی فنڈزفراہم کئے جائیں گے نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف کروایا جائیگا
لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2025 پیش کر دیا گیا،جسے مزید غورکیلئے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیاگیا،گزشتہ روز پیش کئے گئے بل کے تحت مجوزہ اتھارٹی فلم سازی، ڈرامہ اور ڈاکیومنٹری کی سرپرستی کرے گی جبکہ حکومت پنجاب اس کے اخراجات برداشت کرے گی اور فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے خصوصی فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔
مجوزہ قانون کے مطابق نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف کروایا جائے گا اور فلم سازوں کو سہولیات اور اجازت ناموں کیلئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی،مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مراعات دی جائیں گی جبکہ فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ ہموار ہوگی، بل میں نئے ٹیلنٹ کی تربیت کیلئے ٹریننگ پروگرامز شروع کرنے ، فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا نظام متعارف کرانے اور فلم کے ذریعے پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی شقیں بھی شامل ہیں۔ مجوزہ اتھارٹی کو فلم انڈسٹری سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کا اختیار بھی حاصل ہوگا، بل کو مزید غور کیلئے دو ماہ کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے جو اپنی رپورٹ مقررہ مدت میں پیش کرے گی، جس کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا جبکہ اس کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔