لاہور سمیت ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ،جبری لوڈشیڈنگ

لاہور سمیت ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ،جبری لوڈشیڈنگ

رات کے وقت2سے 3گھنٹے کیلئے بجلی بند،خرابیوں کے باعث بندش بھی معمول ہے ایل این جی کی دستیابی سے پیک ٹائم لوڈ مینجمنٹ ختم ہوجا ئیگی، :ترجمان پاور ڈویژن

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں ) گرمی کی شدت بڑھتے ہی لاہور سمیت ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ،گرمی بڑھنے سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوگیا، رات کے وقت شہر میں 2 سے 3 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ تکنیکی خرابیوں سے بھی بجلی کی بندش معمول بن چکا ہے ، لیسکو میں دن کے اوقات میں بجلی کی طلب 2450 میگاواٹ سے زائد ہے ،رات کے اوقات میں بجلی کی طلب 3 ہزار میگاواٹ سے زائد ہوتی ہے جس کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں ان کا کہنا ہے کہ رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث نیند نہیں آتی،لوڈشیڈنگ سے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے ۔

ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات پیک ٹائم میں بجلی کی فراہمی بہتر رہی، بہتر بجلی سپلائی کی بدولت ایک گھنٹہ سے دو گھنٹے تک کی لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔پیک ٹائم میں لوڈ مینجمنٹ آر ایل این جی کی محدود دستیابی اور کم ہائیڈل پیداوار کے باعث نافذ ہے ، دن کے اوقات میں لوڈ مینجمنٹ صرف لائن لاسز والے فیڈرز تک محدود ہے ،دوسری طرف ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافے کے سبب پیک ٹائم کے دوران بجلی کی فراہمی میں بہتری آنے لگی ، پیک ٹائم میں ڈیموں سے زیادہ پانی کے اخراج سے 5125 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی ۔بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے گزشتہ رات پیک آور میں ڈیمانڈ میں اضافے کے باوجود بہتر بجلی سپلائی کی بدولت ایک گھنٹہ سے دو گھنٹے تک کی لوڈ مینجمنٹ کی ،ترجمان کے مطابق ایل این جی کی دستیابی سے پیک ٹائم لوڈ مینجمنٹ بھی ختم ہوجائے گی، ایل این جی کی عدم دستیابی کی بدولت 5500 میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں