بجلی خریداری میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی ،وفاقی وزیر کا نوٹس
تقسیم کار کمپنیاں فوری نیپرا قوانین کے تحت بجلی خرید یں ، اویس لغاری کے احکامات
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا چھوٹے پاور پروڈیوسرز سے میرٹ آرڈر کے برعکس بجلی خریداری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فوری نیپرا کے قوانین کے تحت تمام بجلی خریدنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے معاملات کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فوری آئی ایس ایم او کے ساتھ میرٹ آرڈر پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کے احکامات بھی جاری کیے ۔ انہوں نے کم سے کم قیمت کے پاور پلانٹس پہلے چلانے پر ہر حال میں کار بند رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بجلی تقسیم کار کمپنی کو اپنی مرضی سے کم سے کم قیمت کے پاور پلانٹس کو پہلے چلانے کے اصول کی خلاف ورزی نہ کرنے دی جائے۔ ترجمان نے کہا کہ پاور ڈویژن نے میرٹ آرڈر کے بغیر کسی بھی پاور پلانٹ کو چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔