پہلگام واقعہ قابل مذمت ، پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد کا ردعمل کشیدگی کے دوران متوازن، بین الاقوامی قانون کے مطابق تھا پاکستان امن کیلئے پرعزم ، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا مؤثر،فیصلہ کن جواب دیا جائیگا
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہونے پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور حقائق کو مسخ کر کے خطے میں عدم استحکام پیداکرنے کی مسلسل کوششوں کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کا ردعمل پاکستان-بھارت کشیدگی کے دوران متوازن، ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی قانون کے عین مطابق تھا۔
انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تیاری اور دفاعی صلاحیت نے قومی خودمختاری کا بھرپور تحفظ کیا اور ایک نازک صورتحال میں دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے بھارت کے یکطرفہ اور مہم جوئی پر مبنی اقدامات بشمول "آپریشن سندور" کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ۔انہوں نے کہا پاکستان امن کے لیے پرعزم ہے ، تاہم کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا مؤثر، متناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔