ڈار کا ترک، کرغز وزراسے رابطہ،برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

ڈار کا ترک، کرغز وزراسے رابطہ،برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

حاقان فیدان،جینبیک ، جین میریٹ کیساتھ خطے کی صورتحال پر بات چیت رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا

اسلام آباد(وقائع نگار)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا ترک اور کرغز وزرا خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جبکہ برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی ۔ترکیہ کے وزیرخارجہ حاقان فیدان سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے حالیہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے دوران پاکستانی وفد کو دی جانے والی پرتپاک ترک میزبانی پر شکریہ ادا کیا، جبکہ فورم کے موقع پر منعقدہ R-4 اجلاس کے انعقاد کو بھی سراہا، جس میں ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔تازہ علاقائی صورتحال پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے پرامن حل کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔کرغزستان کے وزیر خارجہ جینبیک کولوبایف سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا اعادہ کیا، کرغز وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار اور وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔

دونوں ممالک نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسحاق ڈار سے ملاقات کر کے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کے سہولت کار کردار کو سراہتے ہوئے اس کی حمایت کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ناگزیرہے ۔ مزید براں نائب وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں خطے اور عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی صورتحال کے ساتھ ساتھ آئندہ بین الاقوامی روابط کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے واضح حکمت عملی، دور اندیشی اور ٹھوس نتائج پر مبنی خارجہ پالیسی کے اہداف کے حصول کے لیے فعال سفارتی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں