پنجاب کابینہ :چین کے سفارتخانے کیلئے سیلز ٹیکس استثنیٰ کی منظوری

پنجاب کابینہ :چین کے سفارتخانے کیلئے سیلز ٹیکس استثنیٰ کی منظوری

ادا ٹیکس کی واپسی ،چین میں پاکستانی سفارتخانے کو ایسی سہولت حاصل:وزارت خارجہ مستقبل میں ایسے کیسز کا جائزہ لینے ،منظوری کا طریقہ بنانے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی

لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب کابینہ نے متحدہ عرب امارات کے بعد اب چین کے سفارتخانے کیلئے سیلز ٹیکس استثنیٰ اور پہلے سے ادا شدہ ٹیکس کی واپسی (ریفنڈ) کی منظوری دے دی ہے ، یہ فیصلہ چینی سفارتخانے کی درخواست پر کیا گیا، ایک قونصل خانے کی تقریب پر عائد سیلز ٹیکس کی واپسی کی استدعا کی گئی تھی،پنجاب کابینہ نے آئندہ کیلئے بھی ایک واضح پالیسی فریم ورک بنانے کی منظوری دیدی ہے ، روزنامہ دنیا کو موصول سرکاری دستاویزات کے مطابق کابینہ نے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قانونی گنجائش اور سفارتی بنیادوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منظوری دی۔ دستاویز کے مطابق عام حالات میں سفارتخانوں کو سیلز ٹیکس سے خودکار استثنیٰ حاصل نہیں ہوتا، کسی بھی قسم کی رعایت یا ریفنڈ حکومت پنجاب کی منظوری سے ہی دیا جا سکتا ہے اسی بنیاد پر چینی سفارتخانے کی درخواست کو کابینہ میں پیش کیا گیا، سرکاری دستاویزات کے مطابق وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ چین پاکستان کو باہمی بنیاد پر ٹیکس ریفنڈ فراہم کرتا ہے۔

چین میں پاکستانی سفارتخانے کو مخصوص اخراجات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (وی اے ٹی) کی واپسی دی جاتی ہے ، تاہم بعض اخراجات جیسے طبی بلز، ٹیلی فون اور سفری اخراجات پر وہاں بھی ریفنڈ نہیں دیا جاتا۔ ان معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے چینی سفارتخانے کی درخواست کو جائز قرار دیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت یو اے ای سفارتخانے کو اسی نوعیت کا سیلز ٹیکس استثنیٰ دے چکی ہے ، جس کی بنیاد پر اس کیس میں بھی یکساں پالیسی اپنانے کی تجویز دی گئی، دستاویز کے مطابق قانون حکومت کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ سابقہ تاریخ سے بھی استثنیٰ دے سکتی ہے ، اگر ٹیکس پہلے ہی ادا ہو چکا ہو تو استثنیٰ دینے کی صورت میں اس کا ریفنڈ بنتا ہے ، دستاویزات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ چینی سفارتخانے کے کیس کوپنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز( ریفنڈ)رولز کے تحت پراسیس کرنے کی تجویز دی گئی، تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یہ معاملہ کابینہ میں پیش کیا گیا، جہاں باقاعدہ طور پر استثنیٰ اور ریفنڈ کی منظوری دی گئی،وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو مستقبل میں ایسے ریفنڈ کیسز کا جائزہ لے گی اور ان کی منظوری کیلئے طریقہ کار وضع کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں