چاغی: سونا، تانبہ تلاش کرنیوالی غیرملکی کمپنی پر حملہ، 10 ملازم جاں بحق

چاغی: سونا، تانبہ تلاش کرنیوالی غیرملکی کمپنی پر حملہ، 10 ملازم جاں بحق

موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار40سے زائد مسلح افراد کی فائرنگ، کمپنی کی مشینری اور تیل کا ذخیرہ نذر آتش 3ملازم فائرنگ سے ، 7 جھلس کرچل بسے ، ترک باشندہ بھی مارا گیا،دوسرا اغوا ،5 زخمی ،قلات میں گرنیڈ دھماکا

 چاغی (نامہ نگار اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع چاغی میں دالبندین کے قریبی علاقے دریگون میں تا نبے اور سونے کی تلاش کے منصوبے پر کام کرنے والی غیر ملکی کمپنی پر مسلح افراد کے حملے میں ترک باشندے سمیت کمپنی کے 10 ملازم جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے جبکہ ترکیہ کے ایک شہری کو اغوا بھی کر لیا گیا ۔جنوبی افریقہ کے 2 اور ترکی کے ایک شہری کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق حملہ بدھ کی شام ضلع چاغی کے ضلعی ہیڈکوارٹر دالبندین سے تقریبا 120 کلومیٹر دور نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) کی مائننگ سائٹ پر کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار40سے زائد مسلح افراد نے سائٹ پر مختلف اطراف سے حملہ کیا، اندھا دھند فائرنگ کے بعد مشینری اور تیل کے ذخیرے کو آگ لگا دی گئی ،7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے ، 3 سکیورٹی اہلکار فائرنگ کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے ،دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال میں اب تک 10 لاشیں منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ 5 زخمی افراد زیرِ علاج ہیں، جاں بحق افراد میں سے ایک کا تعلق تر کیہ سے بتایا جا رہا ہے ،بتایا گیا ہے کہ ،فائرنگ اور راکٹ گولے لگنے سے ایک فیول ٹینک پھٹ گیا جس کی زد میں آکر7ملازمین جھلس گئے اور ان کی موقع پر ہی موت ہوگئی،حملہ آور کئی گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کے مطابق کچھ ملازمین نے بھاگ کر قریبی گا ئوں میں پناہ لی ،واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے ، حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ،ادھر قلات کے علاقہ کلی پندرانی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار سڑک پر ہینڈ گرنیڈ پھینک کر فرار ہو گئے ۔ دھماکے کے نتیجے میں 4 راہگیر شدید زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں