بینک آف پنجاب اور اسٹیکس میں ڈیجیٹل ترسیلات کیلئے معاہدہ

بینک آف پنجاب اور اسٹیکس میں ڈیجیٹل ترسیلات کیلئے معاہدہ

صدربی اوپی ظفر مسعود اور شریک بانی اسٹیکس منیب علی نے ایم او یو سائن کیا ترسیلات زر کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں :صدربینک آف پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر)بینک آف پنجاب نے ڈیجیٹل ریمیٹینسز(ترسیلات)اور مالیاتی جدت کو فروغ دینے کیلئے اسٹیکس کیساتھ ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کئے ہیں ۔ اس مفاہمتی یادداشت پر اسٹیکس کے شریک بانی منیب علی اور بینک آف پنجاب کے صدر و سی ای او ظفر مسعود نے دستخط کئے ۔اس تعاون کے تحت بینک آف پنجاب اپنی بینکاری مہارت اور ادارہ جاتی رسائی کو اسٹیکس کی جدید ٹیکنالوجی صلاحیتوں کے ساتھ یکجا کرے گا تاکہ ترسیلات زر کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے ، جس میں رفتار، سکیورٹی، شفافیت اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کیلئے سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔اس اقدام کے حصے کے طور پر دونوں ادارے ترسیلات کیلئے اسٹیبل کوائنز کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے ایک پائلٹ ٹرانزیکشن بھی کریں گے ۔

اس پائلٹ کے ذریعے یہ دیکھا جائے گا کہ بلاک چین پر مبنی حل کس طرح اخراجات کم کرنے ، پراسیسنگ وقت بہتر بنانے اور سرحد پار ادائیگیوں میں شفافیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ایم او یو سائن کرنے کے موقع پربینک آف پنجاب کے صدر و سی ای او ظفر مسعود نے کہا کہ یہ شراکت داری ہماری جدت پر توجہ اور ایک مؤثر، جامع اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مالیاتی نظام کی تشکیل کے عزم کی عکاس ہے ۔ اسٹیکس جیسے جدید اداروں کے ساتھ مل کر نئی ٹیکنالوجیز کا جائزہ لے کر ہم ترسیلات زر کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے زیادہ قدر پیدا کریں گے ۔اسٹیکس کے شریک بانی منیب علی نے کہاکہ ہم اس اہم اقدام میں بینک آف پنجاب کے ساتھ شراکت پر خوش ہیں۔ جدید بلاک چین انفراسٹرکچر کو مضبوط بینکاری صلاحیتوں کے ساتھ ملا کر ہم یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ نئی نسل کے ادائیگی نظام سرحد پار رقوم کی ترسیل کو کس طرح بہتر بنا سکتے ہیں اور مالیاتی رسائی کو بڑھا سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں