اسلام آباد راولپنڈی : ٹرانسپورٹ، میٹرو، الیکٹرک بس سروس بحال، اڈے، پارکس بھی کھل گئے
فیض آباد اڈا تاحکم ثانی بند رہے گا، میٹرو بس سروس صدر سے اسلام آباد شہید ملت سٹیشن تک آپریشنل ہوگی مارگلہ ہائیکنگ ٹریلز عوام کیلئے کھول دئیے گئے ، راولپنڈی میں پیرودھائی سمیت دیگر اڈے پیر سے فعال ہوں گے
راولپنڈی،اسلام آباد (خبر نگار، دنیا نیوز)ضلعی انتظامیہ نے جڑواں شہروں میں معمولات زندگی کی بحالی کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ بس اڈے اور تفریحی مقامات بھی کھول دئیے ۔میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس بھی بحال کر دی گئی ۔میٹرو بس سروس صدر سے اسلام آباد شہید ملت سٹیشن تک آپریشنل ہوگی، پریڈ گرائونڈ اور سیکرٹریٹ سٹاپ بند رہیں گے، اسلام آباد میں تمام اقسام کی ٹرانسپورٹ کو شہر میں داخلے کی اجازت دے دی گئی جس سے شہریوں کو سفری سہولیات دوبارہ میسر آ گئی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق فیض آباد کے علاوہ شہر بھر کے تمام بس اڈے کھول دئیے گئے ہیں تاہم فیض آباد بس ٹرمینل تاحکم ثانی بند رہے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اور انتظامی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بھی گزشتہ ایک ہفتے سے بند پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پیر کی صبح سے پیرودھائی سمیت دیگر تمام ٹرانسپورٹ اڈے کھول دئیے جائیں گے جس سے بین الاضلاعی سفر اور تجارتی سرگرمیاں بہتر ہوں گی۔وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے لیے ایک اور اہم اعلان کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ہائیکنگ ٹریلز کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہائکنگ کے شوقین افراد کل سے مارگلہ کی پہاڑیوں کے ٹریلز پر جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ دامنِ کوہ، لیک ویو پارک سمیت شہر کے تمام پارکس بھی عوام کے لیے کھول دئیے گئے ہیں جس سے شہریوں کو تفریحی سہولیات دوبارہ حاصل ہو گئی ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک اور سکیورٹی سے متعلق جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔