سیالکوٹ:تنخواہ نہ ملنے پر ڈی سی چوک میں کوڑا بکھیر کر احتجاج

 سیالکوٹ:تنخواہ نہ ملنے پر ڈی سی چوک میں کوڑا بکھیر کر احتجاج

سینٹری ورکرز نے کوڑے سے بھری گاڑیاں لاکر شہر کے مرکز میں ان لوڈ کر دیں گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ چکے :مظاہرین ، تنخواہیں وقت پر مل رہیں :سی او

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )دو ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے پر ستھرا پنجاب کے سینٹری ورکرز کا ڈی سی آفس کے سامنے انوکھا احتجاج،سینٹری ورکرز نے کوڑا کرکٹ کی گاڑیاں بھر کر ڈی سی چوک میں کوڑا بکھیر دیا۔ مظاہرین کے مطابق پٹرول اور گاڑیوں کی مرمت کے اخراجات بھی خود برداشت کر رہے ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ محنت کے باوجود سی او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا رویہ انتہائی توہین آمیز ہے ، جب سے موجودہ سی او آئے ہیں، انہوں نے ہمارا جینا حرام کر دیا ۔مظاہرین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سی او کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ہماری دو ماہ کی تنخواہیں فوری جاری کی جائیں۔تنخواہیں نہ ملنے کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، سی او سلمان احمد کے مطابق ملازمین کو تنخواہیں وقت پر مل رہی ہیں۔ سی او سلمان احمد کا کہنا ہے کہ اس بات کی انکوائری کی جا رہی ہے کہ سینٹری ملازمین نے یہ اقدام کس کے کہنے پر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں