کہیں 3،کہیں 5گھنٹے بجلی بند،شہری لوڈشیڈنگ سے بیزار
لیسکو کا رات 12سے صبح 5بجے تک اوسط شارٹ فال 540میگا واٹ ہوگیا
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )ملک بھر میں بجلی بحران شدیدہوگیا، گرمی کی شدت بڑھنے سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہونے سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے ۔لاہور کے مختلف علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں 2 سے 3 گھنٹے لوڈشیڈنگ معمول بن گئی جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 5 گھنٹے سے زائد ہے ۔لیسکو حکام کے مطابق گزشتہ شام 4 سے رات 12 بجے تک اوسط شارٹ فال 350 میگاواٹ تک رہا،رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک اوسط شارٹ فال 540 میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ شہری اور دیہی علاقوں میں 30 منٹ سے ایک گھنٹہ تک لوڈ مینجمنٹ ریکارڈ کی گئی،کمرشل فیڈرز پر 15 منٹ، جبکہ انڈسٹریل، انڈیپنڈنٹ اور انڈسٹریل ڈومینیٹڈ فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی۔دوسری طرف پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم سے پانی اخراج میں رات کے وقت اضافے سے پن بجلی پیداوار میں اضافہ ہوا ۔ کل رات پیک ٹائم میں کل پن بجلی کی پیداوار 6000میگاواٹ رہی جبکہ ملک کی کل پن بجلی کی استعداد 11500میگاواٹ ہے ۔پن بجلی کی پیداوار میں اضافے سے ملک کے جنوب سے نیشنل گرڈ میں استحکام کی بدولت مزید 100میگاواٹ سینٹرلائز کرنے میں آسانی ہوئی۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اکنامک لوڈمینجمنٹ کا پیک آورز میں لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں ۔ ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کے اوقات کا شارٹ فال ختم ہوجائے گا۔