نظام بدلے بغیر عوام کو حقوق نہیں ملیں گے : حافظ نعیم
پنجاب میں کسان کو گندم کی حکومت کی مقررہ امدادی قیمت نہیں مل رہی فارم 47سے مسلط حکمران ایک لٹر پٹرول پر 125 روپے ٹیکس لے رہے :خطاب
لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مسلط حکمران عوام میں اعتماد پیدا نہیں کرسکتے ، اسٹیبلشمنٹ کی کیاریوں میں پلنے والوں کے اقتدار کی میوزیکل چیئر کو بند ہونا چاہیے ، قوم کو حق حکمرانی دیا جائے ، نظام بدلے بغیر عوام کو حقوق نہیں ملیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مون مارکیٹ علامہ اقبال ٹائون میں کل پاکستان ممبر شپ مہم کی افتتاحی تقریب اور ملک بھر کے جماعت اسلامی کے کارکنان کے آن لائین اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے ممبر شب مہم کے لیے پچاس لاکھ ممبرز اور بیس ہزار عوامی کمیٹیوں کا ہدف مقرر کیا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فارم 47 سے آئے ہوئے حکمران عام شخص سے ایک لٹر پٹرول پر125روپے پٹرولیم لیوی اور ٹیکس کی مد میں وصول کررہے ہیں جب کہ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا، چیئرمین سینیٹ کے لیے نو کروڑ کی گاڑی خرید لی گئی، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں کسان کو گندم کی قیمت حکومت کے مقررہ امدادی نرخ کے مطابق نہیں مل رہی ۔