میڈیکل طلبہ خودکشی واقعات:پی ایم اینڈ ڈی سی نے تحقیقات تیز کردیں
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم، خاندان سے ملاقات، موبائل ڈیٹا فرانزک اور ریکارڈ طلب تمام میڈیکل کالجز ہراسمنٹ کمیٹیاں فعال بنائیں،پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے طلبہ کے حالیہ خودکشی کے واقعات، بشمول محمد میڈیکل کالج میرپورخاص کی تیسری سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی افسوسناک موت، کی تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی ہدایت پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو معاملے کا آزادانہ اور تفصیلی جائزہ لے رہی ہے ۔پی ایم اینڈ ڈی سی کی ایک سینئر افسر نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کر کے ابتدائی معلومات حاصل کیں، رپورٹ کونسل کو جمع کرا دی گئی ہے اور زیرِ غور ہے۔ اہلخانہ کے مطابق طالبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں اور مبینہ ہراسانی سے متعلق شکایات بھی کی گئی تھیں تاہم مؤثر کارروائی نہ ہو سکی۔
کونسل نے متعلقہ ادارے اور حکام سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے جس میں اندرونی تحقیقات اور انتظامی اقدامات شامل ہیں، جبکہ موبائل ڈیٹا کی فرانزک جانچ بھی جاری ہے ۔صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا ہے کہ محفوظ تعلیمی ماحول فراہم نہ کرنے یا اینٹی ہراسمنٹ نظام پر عمل درآمد میں کوتاہی ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ تمام میڈیکل و ڈینٹل اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہراسمنٹ کمیٹیاں فعال اور طلبہ کے لیے قابلِ رسائی بنائی جائیں۔