تاریخی ورثے ، ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں کے فنڈزمنظور

 تاریخی ورثے ، ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں کے فنڈزمنظور

شالامار گارڈن کیلئے 20کروڑ ،شاہدرہ کمپلیکس 13، قلعہ کیلئے 10 کروڑ جاری ہونگے کالجز کیلئے 77کروڑ 25لاکھ اور اہم شخصیات کی رہائشگاہوں کیلئے 5کروڑ روپے مختص

لاہور(اپنے نامہ نگارسے )پنجاب حکومت نے لاہور کے تاریخی ورثے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی ۔ بڑے مالی پیکیج کے تحت 1 ارب 30 کروڑ روپے کے فنڈز براہ راست والڈ سٹی اتھارٹی کو منتقل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ۔ دستاویزات کے مطابق شالامار گارڈن کی بحالی کیلئے 20 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری  دی گئی ، اس منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب 60 کروڑ سے زائد ہے ۔ شاہدرہ کمپلیکس فیز ٹو کیلئے 13 کروڑ کی منظوری ، کل لاگت 79 کروڑ روپے ہے ۔ لاہور قلعہ میں اضافی کاموں کیلئے 10 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ، مجموعی لاگت 36 کروڑ سے تجاوز کر چکی۔

والڈ سٹی کی قدیم دیواروں کی بحالی کیلئے 30 کروڑ منظور کئے گئے جبکہ مجموعی تخمینہ ایک ارب 88 کروڑ ہے ۔ مال روڈ اور تاریخی زونز کی بحالی کیلئے مزید 10 کروڑ جاری کئے گئے جبکہ منصوبے کی لاگت 69 کروڑ روپے ہے۔ ٹولنٹن مارکیٹ کے قریب انڈر گراؤنڈ پارکنگ کیلئے 10 کروڑ کی منظوری دی گئی ، پانی والا تالاب کے سٹیم پمپ ہاؤس کی بحالی کیلئے 6 کروڑ ، ناصر باغ، پنجاب یونیورسٹی اور جی سی یو کے اطراف کی بہتری کیلئے 5 کروڑ ، اندرون لاہور کے چار تاریخی دروازوں کی تعمیر نو کیلئے 11 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کے کالجز میں سہولیات کی فراہمی کیلئے سوا 77 کروڑ ، اہم شخصیات کی رہائشگاہوں کی تزئین و آرائش کیلئے 5 کروڑ، جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر و مرمت کیلئے 10 کروڑ ،سرکٹ ہاؤس بہاولپور کی تزئین و آرائش کیلئے ساڑھے 3 کروڑ ، چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کیلئے ساڑھے 7 کروڑ، کلائمیٹ آبزرویٹری پنجاب کیلئے 38 کروڑ ،کمشنر ہاؤس انیکسی کی تزئین و آرائش کیلئے ڈیڑھ کروڑ،بہاولپور میں کمشنر آفس سمیت افسر وں کی رہائشگاہوں کیلئے ایک کروڑ ،لاہور ریپڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم فیز ٹو کیلئے 2 کروڑ 88 لاکھ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔حکام محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق ترقیاتی فنڈز کے اجرا کیلئے انوائسز موصول ہو چکیں ، مرحلہ وار ادائیگی شروع کر رہے ہیں ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں