اپنا کھیت سکیم،10 سالہ لیز پر زمین دینگے :عظمیٰ بخاری

اپنا کھیت سکیم،10 سالہ لیز پر زمین دینگے :عظمیٰ بخاری

88 ہزار خاندان مستفید ہونگے ، 900سے زائد درخواستیں موصول ہو چکیں

 لاہور (سیاسی نمائندہ،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی زراعت و معیشت کیلئے اپنا کھیت اپنا روزگار بے زمین ہاریوں کیلئے گیم چینجر منصوبہ ہے ، اس سکیم کے تحت پنجاب حکومت بے زمین لوگوں کو 60 ارب  روپے مالیت کی زمین دس سالہ لیز پر دے گی ، یہ زمیں 88 ہزار خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی ، لیز پر دی جانے والی زمینوں کیلئے اب تک 900 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکیں۔ فلم سٹی کے قیام سے جدید سٹوڈیوز اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی، 50 ایکڑ زمین الاٹ کی جا چکی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام کے تحت بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنایا جائے گا، کسانوں کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زمین لیز پر دی جا رہی ہے ، بعض مقامات پر ایک سے پانچ ایکڑ تک زمین دی جا رہی ہے ، ساتھ ہی 50 ہزار روپے ون ٹائم گرانٹ بھی دی جائے گی،پنجاب میں گندم کی پیداوار مقررہ ہدف سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جو زرعی پالیسیوں کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسے کی اجازت دینا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے پی ایس ایل کے حوالے سے شائقین کے جوش و خروش کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خواہش ہے مزید میچز میں شائقین کو شرکت کی اجازت دی جائے ، قوم کو فسادی نعروں کے بجائے مثبت تفریحی سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں