نیا ٹریک :لاہور ، راولپنڈی کا سفر 2گھنٹے 20منٹ کا ہوگا:عباسی
روہڑی ٹریک ستمبرتک مکمل ،ریلوے کو جدیدادارہ بنانے کیلئے جامع اصلاحات جاری 14اگست کو پیپلزٹرین ،30مئی کو عوام ایکسپریس چلائیں گے :تقریب سے خطاب
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق مسافروں کو معیاری، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ ریلوے کو مضبوط اور جدید بنائے بغیر قومی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ،نئے ٹریک کی تکمیل کے بعد لاہور سے راولپنڈی کا سفر صرف 2 گھنٹے 20 منٹ میں طے کیا جا سکے گا۔پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹر لاہور میں جدید و اپ گریڈ ریزرویشن آفس اور ڈیجیٹل سنٹرل کنٹرول آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روہڑی ٹریک پر کام جاری ہے جو ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ 14 اگست کو پیپلز ٹرین کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ 30مئی کو 40کوچز پر مشتمل عوام ایکسپریس پشاور کیلئے چلائی جائے گی۔
ریلوے کو جدید، خود کفیل اور ڈیجیٹل ادارہ بنانے کیلئے جامع اصلاحات جاری ہیں، اس سلسلے میں بڑے ریلوے سٹیشنز کی اپ گریڈیشن، وائی فائی کی فراہمی اور جدید سہولیات کی فراہمی پر کام کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سنٹرل کنٹرول آفس کے قیام سے ملک بھر میں ٹرینوں کی رئیل ٹائم نگرانی ممکن ہو گی، جس سے نظام میں شفافیت، سکیورٹی اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اسی طرح سیف اینڈ سمارٹ سٹیشنز منصوبے کے تحت ٹرینوں اور پلیٹ فارمز کی نگرانی کا مربوط نظام بھی قائم کیا جا رہا ہے ۔حنیف عباسی نے بتایا کہ متعدد مسافر ٹرینوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے جبکہ نئی بوگیوں کی تیاری بھی تکمیل کے مراحل میں ہے ،30 جون تک مختلف اہداف مکمل کر لئے جائیں گے۔