تہرا قتل:ام رباب کی عدالتی فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل

تہرا قتل:ام رباب کی عدالتی فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل

چیف جسٹس نے سکیورٹی وجوہات پر اپیل کراچی میں سننے کی درخواست منظور کرلی

 کراچی (سٹاف رپورٹر)ام رباب چانڈیو نے والد، دادا اور چاچا کے تہرے قتل کے مقدمے میں ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی، چیفجسٹس نے سکیورٹی وجوہا ت کی بنیاد پر اپیل کراچی میں سننے کی درخواست منظور کرلی۔ ام رباب چانڈیو وکیل صلاح الدین پنہور کے ہمراہ سندھ ہائیکورٹ پہنچیں، جہاں انہوں نے چیف جسٹس سے سکیورٹی کے لیے درخواست بھی دائر کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج چیف جسٹس نے ہماری درخواست کو سنا اور اسے یہاں سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیس سندھ کے مظلوم لوگوں کی آواز بن چکا ہے اور پورے سندھ سمیت پاکستان بھر کے لوگ ان کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک مثال قائم کرنا چاہتی ہیں تاکہ وڈیرے عوام سے ڈریں۔

ام رباب چانڈیو نے کہا کہ وہ تھکنے والوں میں سے نہیں ہیں اور انہیں آخری حد تک نہ آزمایا جائے ، تاخیری حربے استعمال کرکے انصاف کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالتیں انہیں انصاف فراہم کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں اور وہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی جی سندھ نے سپریم کورٹ میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ دادو میں پولیس کی تعیناتی ان کے اختیار میں نہیں جبکہ اس کیس میں ایک پولیس افسر کو ملزمان کی گرفتاری پر صدارتی ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں