اعجاز چودھری،محمودالرشید کی درخواستیں مسترد،افضال پاہٹ رہا
لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی سزامعطلی کی درخواستیں مسترد کر دیں شہبازشریف کیخلاف الیکشن لڑنے والے افضال پاہٹ کی 10سال قید کی سزامعطل
لاہور (کورٹ رپورٹر،دنیا نیوز،اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اعجاز چودھری کی 9مئی کے 4 اور محمود الرشید کی ایک مقدمے میں سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کر دیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما افضال عظیم پاہٹ کی سزا معطل کر کے رہائی کا حکم دے دیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی نو مئی کے مقدمات میں سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت کی، اعجاز چو دھری نے موقف اختیار کیاکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے حقائق کے برعکس دس، دس سال سزائیں جبکہ ملزم اڑھائی سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہے ، عدالت مرکزی اپیلوں کے فیصلے تک سزا معطل کرکے رہا کرنے کا حکم دے۔
دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر نے سزا معطلی کی درخواستوں کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ نو مئی کے واقعات ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد ملک کو مفلوج کرنا تھا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ۔بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے اعجاز چودھری کی چار جبکہ میاں محمود الرشید کی ایک مقدمے میں سزا معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی ، عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کے مد مقابل الیکشن لڑنے والے پی ٹی آئی رہنما افضال عظیم پاہٹ کی شیر پاؤ پل پر ہنگامہ آرائی کیس میں سزا معطل کر دی اور ان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔