سپر لیگـ:یونائیٹڈ کو ہرا کر زلمی نے فائنل کا ٹکٹ کٹوالیا

سپر لیگـ:یونائیٹڈ کو ہرا کر زلمی نے فائنل کا ٹکٹ کٹوالیا

پشاور نے اسلام آباد کو 70 رنز سے شکست دے دی،زلمی کے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز ہی بناسکی بابر اعظم نے پی ایس ایل میں چوتھی سنچری سکور کی، وہ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، اسلام آباد کے پاس ابھی ایک اور چانس باقی ہے

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ 11 کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ زلمی کے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز ہی بناسکی۔کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے ۔کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل میں اپنی چوتھی سنچری سکور کی۔ وہ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے ۔ کوشل مینڈس 41، محمد حارث 35 اور ایرون ہارڈی 20 رنز بنا کر نمایاں ہے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3 وکٹیں لیں، رچرڈ گلیسن نے دو جبکہ سلمان مرزا اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کا آغاز جارحانہ رہا جہاں پہلی وکٹ پر ڈیون کونوے اور سمیر منہاس نے 58 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔پانچویں اوور کے اختتام پر ڈیون کونوے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم سمیر کے 44 رنز اور محسن کے 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی وکٹیں وقفے وقفے کے ساتھ گرتی رہیں، اختتامی لمحات میں عماد وسیم نے 22 رنز بنائے جو ٹیم کی جیت کیلئے ناکافی تھے ۔ پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3، صفیان مقیم اور محمد باسط نے 2، 2 جبکہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ لی۔واضح رہے کہ میچ ہارنے والی اسلام آباد ٹیم ابھی ایونٹ سے باہر نہیں ہو ئی اس کے پاس ابھی ایک اور چانس ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں