عازمین حج کی آسائش کا مکمل خیال رکھا جائے :وزیر مذہبی امور
حج انتظامات جائزہ اجلاس ،طبی امداد ،رہائش سمیت انتظامی امور پر بریفنگ اب تک 11ہزار عازمین کو ریاض الجنہ کی زیارت کرائی گئی، ڈائریکٹر مدینہ
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا ، اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی نے بریفنگ دی ،وفاقی وزیر نے کہا کہ عازمین حج کی آسائش کا مکمل خیال رکھا جائے ،خدام ا لحجاج رہنمائی کے لئے مستعد رہیں شکایات کا فوری ازالہ کریں، عازمین حج سعودی عرب میں قیام کے دوران قوانین کی پابندی کریں اور ملکی وقار کا خیال رکھیں،ڈائریکٹر مدینہ کی بریفنگ میں بتایا کہ 28 اپریل تک 20 ہزار سے زائد سرکاری عازمین مدینہ منورہ پہنچے ،تمام عازمین حج کو نسک کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا،اب تک 11 ہزار سرکای عازمین حج کو ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کروائی گئی ،مدینہ منورہ میں ایک ہسپتال اور تین ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں ،سربراہ پاکستان حج میڈیکل مشن کرنل ڈاکٹر توقیر نے کہا کہ حرم ٹرانسپورٹ کیلئے 5 بس اڈے مختص کئے گئے ہیں۔