ای آئی بی نے پاکستان کیلئے 160ملین یورو قرض کی منظوری دیدی

ای آئی بی نے پاکستان کیلئے 160ملین یورو قرض کی منظوری دیدی

سندھ میں سیلاب متاثرہ 21لاکھ گھروں کی تعمیر نو کیلئے 100ملین یورو مختص کراچی پانی منصوبے کیلئے 60ملین یورو، دو جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس تعمیر کیے جائینگے

 اسلام آباد (مدثر علی رانا) یورپی یونین انویسٹمنٹ بینک (ای آئی بی) نے پاکستان میں دوبارہ سرمایہ کاری کرتے ہوئے 160 ملین یورو کے قرض کی منظوری دے دی ۔ اس رقم کا مقصد سندھ میں سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر نو اور کراچی میں پانی کی فراہمی کے نظام کی بہتری ہے ۔ یہ اعلان یورپی یونین کے ہائی لیول پاکستان بزنس فورم کے موقع پر کیا گیا، جبکہ معاہدے پر دستخط بعد میں کیے جائیں گے ۔ای آئی بی کی جانب سے 100 ملین یورو سندھ میں 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ تقریباً 21 لاکھ گھروں کی تعمیر نو کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 2 ارب امریکی ڈالر ہے اور یہ سندھ کے دیہی علاقوں کے بڑے حصے کو متاثر کرتا ہے۔

منصوبے کے تحت متاثرہ خاندان خود گھروں کی تعمیر میں مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ مالی امداد کے لیے خواتین کے نام پر بینک اکاؤنٹ کھولنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ ان کی مالی شمولیت اور خودمختاری کو فروغ مل سکے ۔یہ منصوبہ حکومت سندھ کے ساتھ عالمی اداروں جیسے ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ای آئی بی 60 ملین یورو کراچی میں پانی کے نظام کی بہتری کے لیے فراہم کرے گا جس کے تحت گھارو اور پپری میں دو جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس تعمیر کیے جائیں گے ۔ ان سے روزانہ صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوگی اور شہر میں پینے کے پانی کی قلت کم کرنے میں مدد ملے گی۔ای آئی بی کی نائب صدر نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری پائیدار ترقی اور متاثرہ طبقات کی بحالی کے لیے اہم قدم ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں