اے آئی،آئی ٹی اسامیوں کیلئے نیا مرکزی نظام قائم کرنیکی ہدایت

 اے آئی،آئی ٹی اسامیوں کیلئے نیا مرکزی نظام قائم کرنیکی ہدایت

وزارتوں کو بھرتی منصوبے ، قواعد اور تجاویز تکنیکی جانچ کیلئے بھیجنے کی ہدایت تمام نئی ٹیکنالوجی اسامیوں کی منظوری پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی سے لازمی قرار

 اسلام آباد (ایس ایم زمان )وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں میں مصنوعی ذہانت (AI) ، سائبر سکیورٹی، ایمرجنگ ٹیکنالوجی، آئی ٹی سے متعلق نئی اسامیوں کی تشکیل، منظوری اور بھرتی کے لیے نیا اور مرکزی نظام قائم کرنے کے احکامات دئیے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے مذکورہ مرکزی نظام کے تحت وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور ذیلی اداروں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سکیورٹی، آئی ٹی کی نئی اسامی کی تخلیق، بھرتی کے عمل، قواعد پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (PDA) سے منظوری لازمی قرار دی ہے ۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے اس حوالے سے وفاقی وزارتوں، ڈویژنون اور محکموں کو مراسلہ بھجوایا ہے۔

مراسلے میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں و محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ مستقبل میں اے آئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے متعلق تمام نئی اسامیوں کی تشکیل، تعداد ، قواعد کے حوالے سے تجاویز، سفارشات، بھرتی کے منصوبے تکنیکی جانچ پڑتال کے لیے اتھارٹی کو بھیجے جائیں گے اور اس عمل کی تکمیل کے بغیر کسی بھی بھرتی کا آغاز نہیں کیا جا سکے گا۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نئے طریقہ کار کے نفاذ کے لیے مشاورت اور تعاون کے لیے فوکل پرسن نامزد کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں