بشری ٰ بی بی کی 2کیسز میں سزا معطلی کیلئے متفرق درخواستیں دائر
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت توشہ خانہ ٹو ،190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر فوری فیصلے کے لیے متفرق درخواستیں دائر کر دی ہیں۔۔۔
درخواستوں میں وکلا ء نے موقف اختیار کیا ہے کہ جیل حکام نے اچانک آ گاہ کیا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کا آپریشن ہوا ہے ، آپریشن الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی میں کیا گیا ،آپریشن سے قبل اہلخانہ یا وکلاء سے مشاورت کی گئی اور نہ ہی رضامندی لی گئی،آپریشن خفیہ رکھا گیا اور اس دوران وکلاء یا اہلخانہ تک رسائی نہیں دی گئی،ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی آنکھوں پر پٹیاں اور کالا چشمہ تھا، وہ شدید تکلیف میں نظر آئیں ، ان کی بینائی شدید متاثر یا ضائع ہونے کا خطرہ ہے ،آپریشن جیسے سنجیدہ عمل کے بعد بشریٰ بی بی کو دوبارہ جیل منتقل کر کے تنہائی میں رکھا گیا ہے ،جیل میں ان کو کسی قسم کی طبی نگرانی، یا نرسنگ کی سہولت میسر نہیں ،جیل حکام کا رویہ ظالمانہ، غیر انسانی اور آئینی وقار کے منافی ہے ،جیل حکام نے آپریشن کے نوٹس، تشخیص یا بعد از آپریشن ادویات کا کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا،عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سزا معطلی کی درخواستوں کو میرٹ پر ترجیحی بنیادوں پر سن کر فیصلہ کیا جائے ،سپرنٹنڈنٹ جیل اور الشفا ہسپتال کے شعبہ چشم کے سربراہ کو مکمل میڈیکل ریکارڈ سمیت طلب کیا جائے ،بشریٰ بی بی کو فوری طور پر کسی اچھے ہسپتال منتقل کیا جائے ،وکلاء اور اہلخانہ کو بشریٰ بی بی تک بلا تعطل اور باقاعدہ رسائی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔