قائم مقام صدرنے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 ججز کے تبادلوں کی منظوری دیدی
یوسف رضا گیلانی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشورے پر جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی بھی منظوری دے دی جسٹس محسن اخترکیانی، جسٹس ثمن رفعت نے گزشتہ روز مقدمات کی سماعت کی، جسٹس بابر ستار کی کازلسٹ منسوخ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے وزیرِ اعظم کے مشورے پر جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی منظوری دے دی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلے کی بھی منظوری دے دی۔ قائم مقام صدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر پیونی جج جسٹس محسن اختر کیانی کے لاہور ہائیکورٹ تبادلے کی منظوری دی۔ جسٹس بابر ستار کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے پشاور ہائیکورٹ تبادلہ کیا گیا۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے اسلام آباد ہائیکورٹ سے سندھ ہائیکورٹ تبادلے کی منظوری بھی دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تبدیل ہونے والے ججز جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے گزشتہ روز اپنی اپنی عدالت میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت کی جبکہ جسٹس بابر ستار کی عدالت میں زیر سماعت مقدمات کی کازلسٹ منسوخ کر دی گئی۔