زرداری کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کسی بھی پارٹی کے پاس صدر آصف علی زرداری جیسا لیڈر نہیں۔
موجودہ حالات میں اگر صدر کی سرپرستی نہ ہو تو حکومت دو گھنٹے بھی نہیں چل سکتی۔پیپلز پارٹی لاہور کے دفتر جوہر ٹاؤن میں یوم مردِ حر کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر کے خلاف مہم بھی چلائی گئی، تاہم یہ مہم اس لیے تھی کہ جب بے نظیر بھٹو سیاست میں آئیں تو ان کے ساتھ کون کھڑا ہوگا۔ آصف زرداری نے بے نظیر بھٹو سے نکاح کیا اور 14 سال قید بھی برداشت کی، انہیں کہا گیا کہ بے نظیر کو چھوڑ دیں مگر وہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان کے ساتھ کھڑے رہے ۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا گیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی انہیں امانت کے طور پر ملی ہے جسے وہ بلاول بھٹو زرداری کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ زرداری نے پارٹی کو جس طرح سنبھالا ہے ، وہ ایک روحانی باپ کی طرح ہے۔