ہتک عزت قانون 2024 کیس، ہائیکورٹ کا عبوری فیصلہ جاری
درخواستیں چیف جسٹس کو بھجوا دیں ،لارجر بینچ تشکیل دینے کی بھی سفارش
لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے ہتک عزت قانون 2024 کے خلاف درخواستوں پر عبوری فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواستیں مزید کارروائی کیلئے چیف جسٹس کو بھجوا دیں۔ عدالت نے سفارش کی ہے کہ چیف جسٹس خود سماعت کریں یا لارجر بینچ تشکیل دیں۔ دوران سماعت لا افسروں نے اہم نکات کی نشاندہی کی اور پراپرٹی اونرشپ قانون کیس کا حوالہ بھی دیا۔ بتایا گیا کہ ہتک عزت قانون کے تحت تاحال ٹربیونلز تشکیل نہیں د یئے گئے۔
درخواست گزار وکلا نے کیس چیف جسٹس کو بھجوانے کی مخالفت کرتے ہوئے مو قف اختیار کیا کہ کیس میں دلائل کافی حد تک مکمل ہو چکے ہیں، لہٰذا اسے چیف جسٹس کو نہ بھجوایا جائے ۔ وکلا کے مطابق جوڈیشل کارروائی میں تمام ججز کو یکساں اختیارات حاصل ہیں۔ اسی قانون کے تحت درخواست گزاروں کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے ، جبکہ صوبے نے آئینی دائرہ اختیار نہ ہونے کے باوجود یہ قانون بنایا۔ یہ معاملہ نہایت اہم اور فوری فیصلے کا متقاضی ہے ، جسے مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے۔