ٖٖFIAکا اشتہاریوں کیخلاف کریک ڈائون،خصوصی ٹیمیں تشکیل
نادرا،پی ٹی اے سے ریکارڈلے کرانٹرپول کے ذریعے کارروائی شروع کردی گئی اسلام آباد،راولپنڈی سرکلزمیں14ملزم گرفتار،84کی بیرون ملک نشاندہی
اسلام آباد(دنیارپورٹ)ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون سید شہزاد ندیم بخاری کی ہدایت پر اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروران کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا۔تمام سرکل انچارجز نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ملزمان کے نام بلیک لسٹ/پی سی ایل میں شامل کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے اوراشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے نادرا سے ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے ،جن میں پاسپورٹ ،سفری ریکارڈ ،منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات شامل ہیں، ملزموں کے بینک اکاؤنٹس اور دیگر مالی ریکارڈ کی چھان بین بھی کی جارہی ہے۔
بیرون ملک موجود ملزمان کے خلاف انٹرپول کے ذریعے کارروائی شروع کردی گئی ہے ، پی ٹی اے سے موبائل ڈیٹا حاصل کر کے لوکیشن ٹریسنگ کی جارہی ہے ، ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے 3 اشتہاری ملزمان گرفتار کیے جبکہ بیرون ملک 62 ملزمان کی نشاندہی کی ہے ، راولپنڈی سرکل نے 4 اشتہاری ملزمان گرفتار اور بیرون ملک ایک ملزم کی نشاندہی کی، ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے 5اشتہاری ملزمان گرفتار کیے جبکہ 18 ملزمان بیرون ملک مقیم پائے گئے ۔ ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل اسلام آباد نے 2 اشتہاری ملزمان گرفتار کیے ،ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد نے 3 ملزمان کی نشاندہی کی جو بیرون ملک مقیم پائے گئے ۔