گرین انکلیو 1پراجیکٹ پر جون میں کام شروع ہوگا :کمیٹی کو بریفنگ
PWD ملازمین ایڈجسٹمنٹ، عوامی انفراسٹرکچر، ہائو سنگ سکیموں کے معاملات پر غور مری کشمیر پوائنٹ سے 38کنال اراضی واگزار ،6سے 7کنال پر بدستور قبضہ برقرار
اسلام آباد ( اپنے رپورٹر سے ، اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ہائو سنگ اینڈ ورکس نے تحلیل شدہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کے دیگر محکموں میں انضمام کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ کمیٹی کو ایف جی ایچ اے کے گرین انکلیو-I منصوبے پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 50 سے 55 فیصد کام مکمل ہو چکا معاہداتی تنازعات حل ہونے کے بعد جون 2026 میں دوبارہ تعمیراتی کام شروع ہوگا، کمیٹی نے پیشرفت کو سراہا۔ کمیٹی کو مری کے کشمیر پوائنٹ پر واقع کانسٹینشیا لاج کے حوالے سے بتایا گیا کہ 38 کنال زمین واگزار کر لی گئی ہے تاہم 6 سے 7 کنال پر قبضہ ہے جس پر کمیٹی نے قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔
سینیٹر ناصر محمود کی زیر صدارت اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی ملازمین کی ایڈجسٹمنٹ، عوامی انفراسٹرکچر، ہائو سنگ سکیموں اور تجاوزات سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 3,227 ملازمین میں سے 3,001 کو مختلف محکموں میں ضم کر کے تنخواہیں جاری کی جا چکی ہیں کمیٹی نے انضمام کے عمل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام باقی ماندہ ملازمین کا انضمام فوری مکمل کیا جائے ۔کمیٹی نے سی ڈی اے میں ضم ہونے والے ملازمین کے مسائل کے حل اور بارڈر ہیلتھ سروسز میں شامل پانچ ملازمین کی عدم شمولیت پر بھی نوٹس لینے کی سفارش کی،بتایاگیا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ رواں مالی سال کے اختتام تک فعال ہونے کی توقع ہے ، چیئرمین کمیٹی نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور بہتر گورننس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔