عمران کو پمز لانے کی اہلخانہ کو اطلاع نہیں دی گئی:سلمان اکرم

عمران کو پمز لانے کی اہلخانہ کو اطلاع نہیں دی گئی:سلمان اکرم

نومبر کے بعد بانی کے گھر والوں کو ملاقات نہیں کرنے دی گئی:سیکرٹری پی ٹی آئی بانی کو بنیادی حقوق نہیں مل رہے ، ملک عملاً بنانا ری پبلک بن گیا:اسد قیصر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ شب پمز ہسپتال منتقل کرنے کی اہلخانہ کو اطلاع نہیں دی گئی، رات کے وقت ہسپتال منتقل کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور بانی کی صحت سے متعلق اہلخانہ کو آگاہ نہ کرنے پر سخت اعتراض اٹھایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عام قیدی کو بھی طبی سہولیات سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، ہائیکورٹ نے ملاقات کا حکم دیا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ نومبر کے بعد بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، مطالبہ کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ اس معاملے کی سماعت کرے اور انصاف فراہم کرے ۔اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ بانی کو ان کے بنیادی حقوق نہیں مل رہے اور ملک عملاً بنانا ری پبلک بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت نہ آئین کی عملداری نظر آتی ہے ، نہ قانون کی بالادستی اور نہ ہی پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت باقی رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کا تقدس پامال ہو چکا ہے اور عوام سے حقِ رائے دہی چھین لیا گیا ہے، جب عوام کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق نہ ملے تو قانون سازی بھی بے معنی ہو جاتی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں