جسٹس اسجد جاوید ریٹائرڈ ، لاہور ہائیکورٹ کی 20 نشستیں خالی
الوداعی تقریب کا اہتمام،ججز کی شرکت ،چیف جسٹس نے گلدستہ پیش کیا
لاہور (اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے ، لاہور ہائیکورٹ میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے خصوصی شرکت کی، جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عابد عزیز شیخ ،جسٹس شاہد کریم، جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس فیصل زمان خان سمیت لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر فرائض سرانجام دینے والے دیگر فاضل جج صاحبان بھی تقریب میں موجود تھے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس اسجد جاوید گھرال کو گلدستہ پیش کر کے رخصت کیا۔جسٹس اسجد جاوید گھرال کی ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی خالی نشستوں کی تعداد 20 ہوگئی، جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی منظور شدہ سیٹوں کی تعداد60 ہے ۔