مہنگا پٹرول اور بجلی، جماعت اسلامی کا کل ملک گیر احتجاج کا اعلان

مہنگا پٹرول اور بجلی، جماعت اسلامی کا کل ملک گیر احتجاج کا اعلان

پٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کیا تو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرینگے ، حافظ نعیم

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کل (یکم مئی، بروز جمعہ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگی بجلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے عوام دشمن شمسی توانائی پالیسی اور پنجاب میں کسانوں کے استحصال کے خلاف بھی مظاہرے کیے جائیں گے ۔منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئندہ برس کے آخر تک سود کے خاتمے کا اعلان کیا تھا، تاہم اعلانات اور وعدوں کے برعکس شرح سود میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عام شہری سے فی لیٹر پٹرول پر 107 روپے لیوی وصول کر رہی ہے اور غریب آدمی کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی میں مزید اضافے کے امکان پر شدید تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایسا کوئی اقدام کیا گیا تو جماعت اسلامی ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے دباؤ کا بہانہ بنا کر عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، جبکہ اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے ، مہنگے سرکاری اخراجات اور جاگیرداروں پر ٹیکس نہ لگانے کے معاملات میں کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جاتا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں تبدیلی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، اب صرف چہرے بدلنے سے نہیں بلکہ پورا نظام بدلنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی اور صدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں