نکاسی،فراہمی آب، پنجاب کی تکنیک سے فائدہ اٹھائینگے :مرتضیٰ

نکاسی،فراہمی آب، پنجاب کی تکنیک سے فائدہ اٹھائینگے :مرتضیٰ

ایک شہر کا دوسرے سے سیکھنا مثبت عمل، واسا کیساتھ مفاہمتی یاد داشت پر جلددستخط میئر کراچی کا وفد کے ہمراہ واسا ہیڈ آفس کا دورہ ،بلال یاسین کیساتھ پریس کانفرنس

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کی تکنیک سے فائدہ اٹھائیں گے ،ایک شہر کا دوسرے شہر سے سیکھنا مثبت اور حوصلہ افزا عمل ہے ،وہ دورہ لاہور کے موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور لاہور واسا کے درمیان جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے ، بین الصوبائی کوآرڈی نیشن اور ایکسپرٹیز سے عوامی مسائل پر قابو اور سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی،بلال یاسین بھائی کے ساتھ لاہور میں پہلی پریس کانفرنس میرے لئے اعزاز ہے ، کے ڈبلیو ایس سی کے وفد کے ہمراہ لاہور آیا ہوں اور لاہور والوں کو دورہ کراچی کی دعوت دی ہے ، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ واسا پنجاب اب بارش کے پانی اور نکاسی آب کو ڈیجیٹل مانیٹر کررہا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے 5 ایجنسیز کو ایک سال میں 41 اضلاع تک بھرپور وسائل کے ساتھ پھیلایا ہے ، نکاسی آب کے حوالے سے واسا پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تحت ہزاروں کلومیٹر نئی پائپ لائنز بچھا رہی ہے ،زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر سے بروقت نکاسی آب اور زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر کیا جاسکے گا، قبل ازیں میئر کراچی کی زیر قیادت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا اعلیٰ سطح کا وفد واسا ہیڈ آفس لاہور پہنچا ، صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے استقبال کیا، چیئرمین واسا چو دھری شیر علی خان، وائس چیئرمین چو دھری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ، وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان، چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز اور چیف سٹراٹیجی آفیسر صادق یونس، چیف فنانشل آفیسر عمار خان بھی شامل تھے ۔ وفد کو صوبائی دارالحکومت میں نکاسی آب اور صاف پانی پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔ سکاڈا مانیٹرنگ ،ہیلپ لائن،سولرائزیشن، واٹر میٹرنگ، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بارے تکنیکی امور سے آگاہ کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں