سندھ کو وسائل ملنے کے باوجود مسائل جوں کے توں:شاہد عباسی
رقم کہاں جا رہی، حکومت یونیورسٹی روڈ بھی نہیں بنا سکتی تو پھر کیا کرے گی، سابق وزیراعظم فیول قیمتوں پر پالیسی غلط، موجودہ حکومت بے اختیار، مفتاح اسماعیل کیساتھ پریس کانفرنس
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی کنوینر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سندھ کو وسائل ملنے کے باوجود مسائل حل نہیں ہو رہے اور صورتحال جوں کی توں ہے ۔گلشن اقبال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ، جس میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی ان کے ہمراہ تھے ، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر بات ضروری ہے کیونکہ کراچی کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک سیاسی جماعت طویل عرصے سے برسر اقتدار ہے اور وسائل بھی دستیاب ہیں، مگر اس کے باوجود شہری مسائل برقرار ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال میں ایلیویٹڈ ٹرین منصوبہ برسوں قبل شروع کیا گیا مگر اب تک مکمل نہ ہو سکا جبکہ بی آر ٹی سڑک کی عدم تکمیل بھی سوالیہ نشان ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی روڈ جیسے اہم منصوبے بھی مکمل نہیں ہو سکے ، اگر حکومت ایک سڑک نہیں بنا سکتی تو دیگر مسائل کیسے حل کرے گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی کا نظام ناکام ہو چکا ہے اور شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں، جبکہ سندھ کے دیہی علاقوں میں بھی انفراسٹرکچر کی حالت انتہائی خراب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو واضح کرنا ہوگا کہ شہریوں کو گھروں تک پانی کی فراہمی کب ممکن ہوگی۔انہوں نے صنعتی علاقوں کی صورتحال کو بھی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کا اثر پورے ملک کی معیشت پر پڑتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسائل کہاں خرچ ہو رہے ہیں، اس کا جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔شاہد خاقان عباسی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حکومتی پالیسی کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بااختیار نہیں اور اس کی پالیسیوں کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی معاشی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنانا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ بڑی تعداد میں شہری بیرون ملک جا رہے ہیں جو تشویشناک ہے ، جبکہ سکیورٹی اور گورننس کے مسائل بھی سنگین نوعیت اختیار کر چکے ہیں۔